نائجیریا میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے پر ترکیہ کا اظہار افسوس
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے نائجیریا کی ریاست اوندو میں فوجی طیارہ حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اوندو میں فوجی طیارے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ترکیہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔بیان میں حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے افراد اور عوامِ نائجیریا سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔نائجیریا کی ریاست اوندو کے پولیس ترجمان جیموہ ابایومی کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر پیر کو ریاست کے جنوب مغربی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کو جائے حادثہ پر تعینات کردیا گیا ہے۔نائجیریا کے وزیر ہوا بازی فیسٹس کیامو نے صحافیوں کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر اگبوکوڈا بحری اڈے کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔