مکہ دفاعی اتحاد کا سعودی عرب میں مشترکہ فوجی تعیناتی کا فیصلہ

مکہ دفاعی اتحاد کا سعودی عرب میں مشترکہ فوجی تعیناتی کا فیصلہ

 استنبول( تر کیہ خبر) مکہ دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان اور ترکیہ سمیت تینوں ممالک کی مشترکہ عسکری صلاحیتیں اور فوجی دستے فوری طور پر سعودی عرب میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شریک ہوئے۔اجلاس میں سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں اور مقدس شہروں مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی۔ تینوں ممالک نے خطے کی تازہ صورتحال پر غور کرتے ہوئے امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملدرآمد شروع کرنے اور طے شدہ فوجی دستوں و مطلوبہ عسکری صلاحیتوں کو تیزی سے سعودی عرب منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ معاہدے کے تحت کسی ایک فریق کی سلامتی کو تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کا حصہ تصور کیا جائے گا، جبکہ مشترکہ دفاعی اقدامات فریقین کے منظور شدہ طریقۂ کار اور قومی قوانین کے مطابق ہوں گے۔اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود (ر) کی مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے نامزدگی کی بھی توثیق کی گئی۔ حکام کے مطابق مشترکہ دفاعی اقدامات سے عسکری تیاری، انضمام اور خطرات سے نمٹنے کی اجتماعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.