اسلام آباد( ترکیہ خبر) سعودی عرب نے متبادل سپلائی روٹ کے ذریعے پاکستان کو تیل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی جانب سے یانبو کی بندرگاہ کے استعمال کی درخواست کی گئی تاکہ متبادل تیل سپلائی روٹ مہیا کیا جا سکے۔ملاقات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے تیل کی سپلائی کی سیکیورٹی کی ضمانت دی گئی ہے اور پاکستان کے لیے خام تیل اٹھانے کے لیے ایک جہاز بھی روانہ کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ بندرگاہ یانبو سے سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کی صورت میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا اور دونوں ممالک آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
سعودی عرب نے پاکستان کو متبادل تیل سپلائی روٹ کی یقین دہانی کرائی
1 ماہ قبل