سعودی عرب اور ایران میں رابطہ، علاقائی کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس میں کمی لانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران، سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔خطے میں کشیدگی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی یہ گفتگو سفارتی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔