سعودی عرب اور یونان کا بحری تحفظ اور توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور یونان نے بحری راستوں کے تحفظ اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔سعودی دارالحکومت ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکس کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں بین الاقوامی بحری راستوں کی حفاظت اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور عالمی منڈیوں پر ان کے اثرات کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی۔مشترکہ بیان کے مطابق یونان نے عالمی تیل منڈی کو مستحکم رکھنے اور متبادل برآمدی راستوں، خصوصاً ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے تیل کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے دفاع، سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے، سائبر تحفظ اور معلومات کے تبادلے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، سیاحت اور ماحولیات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔