سپریم کورٹ میں عمران خان بارے جیل کی حالت پر سلمان صفدر رپورٹ پیش کرینگے

1 ماہ قبل
سپریم کورٹ میں عمران خان بارے جیل کی حالت پر سلمان صفدر رپورٹ پیش کرینگے

اسلام آباد( ترکیہ خبر)سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔گذشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کی جیل میں حالت زار کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی اور کہا تھا کہ کیس کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دوسرے فریق کی رائے کے بغیر فیصلہ نہیں دیا جا سکتا۔ آج سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے وکیل لطیف کھوسہ کو بات کرنے سے روک دیا۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں تحریری جواب چیمبر میں جمع کرا دیا گیا تھا، جس میں 5 سے 18 اگست تک کی میڈیکل رپورٹس بھی شامل تھیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت اپنے حکم میں اس بات کا ذکر کرے کہ رپورٹ جمع ہو چکی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ 24 اگست کے حکمنامے کے بعد ریکارڈ پر کوئی آرڈر موجود نہیں جس پر عدالت نے اطمینان ظاہر کیا ہو۔ عدالت نے سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ مقرر کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا۔