روبیو کی وینزویلا قیادت کو دھمکی، مادورو جیسا انجام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے:امریکہ

2 ماہ قبل
روبیو کی وینزویلا قیادت کو دھمکی، مادورو جیسا انجام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے:امریکہ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو وینزویلا کی قائم مقام صدر کو خبردار کر سکتے ہیں کہ اگر انہوں نے امریکا کی خواہشات کے مطابق عمل نہ کیا تو انہیں سابق صدر نکولس مادورو جیسا انجام بھگتنا پڑ سکتا ہے۔پیشگی تیار کردہ بیان کے مطابق مارکو روبیو سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سامنے بیان دیں گے کہ سابق نائب صدر اور موجودہ قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز مادورو کے انجام سے بخوبی واقف ہیں۔روبیو کے مطابق امریکا سمجھتا ہے کہ ڈیلسی روڈریگز کے ذاتی مفادات واشنگٹن کے بنیادی اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر کی واضح ہدایات کے مطابق اگر دیگر تمام ذرائع ناکام ہو جائیں تو امریکا زیادہ سے زیادہ تعاون یقینی بنانے کے لیے طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہیں کرے گا، جس کا اشارہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب تھا۔واضح رہے کہ مارکو روبیو نے، جو خود سابق سینیٹر رہ چکے ہیں، سینیٹ کمیٹی کے سامنے گواہی دینے پر اس وقت آمادگی ظاہر کی جب چند ہفتے قبل ڈیموکریٹس نے ٹرمپ انتظامیہ پر کانگریس کو گمراہ کرنے اور طاقت کے استعمال میں اختیارات سے تجاوز کا الزام عائد کیا تھا۔یاد رہے کہ تین جنوری کو امریکی افواج نے کاراکاس میں کارروائی کرتے ہوئے بائیں بازو کے رہنما اور واشنگٹن کے سخت مخالف سابق صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو گرفتار کر لیا تھا۔