آذربائیجان( سپورٹس ڈیسک)پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سعودی پرو لیگ اور اپنے کلب النصر کی موجودہ صورتحال سے شدید نالاں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا ماننا ہے کہ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے دانستہ طور پر النصر کے لیے متعدد کھلاڑیوں کی منتقلی روک دی، جس کے باعث کلب کی ٹائٹل جیتنے کی امیدوں کو نقصان پہنچا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رونالڈو ان اقدامات کو النصر کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں، جبکہ ان کے نزدیک حریف کلب اللال کو لیگ حکام کی جانب سے غیر معمولی سرپرستی حاصل ہے۔ کھلاڑی کے قریبی ذرائع کے مطابق میدان میں مساوی مواقع نہ ملنے اور کلب کے عزائم کا احترام نہ ہونے پر رونالڈو کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔رونالڈو نے کلب انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ النصر کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے اور حریفوں کی جانب جھکاؤ ختم کیا جائے۔ بصورت دیگر وہ اگلے سیزن سے قبل کلب چھوڑنے پر بھی غور کر سکتے ہیں۔یوں 41 سالہ اسٹار فٹبالر کا سعودی لیگ میں مستقبل غیر یقینی ہو چکا ہے اور آنے والی گرمیوں کی ٹرانسفر ونڈو ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔
رونالڈو برہم، النصر چھوڑنے کی دھمکی، سعودی لیگ پر سنگین الزامات
1 ماہ قبل