لاہور( شوبز ڈیسک) 25سالہ روما ریاض نے مس یونیورس پاکستان 2025 کا تاج جیتنے کے بعد کہا ہے کہ انہوں نے محنت ضرور کی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کے لیے یہ کامیابی قسمت میں لکھی ہوئی تھی۔روما ریاض نے بتایا کہ مس یونیورس پاکستان کا مقابلہ نہایت مشکل اور تفصیلی ہوتا ہے۔ اس میں انٹرویو کا مرحلہ کافی طویل ہوتا ہے تاکہ امیدوار لڑکیاں مس یونیورس کے مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔مقابلے کے عمل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ پہلے 51 لڑکیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، پھر ان میں سے 20 کا انتخاب ہوا اور آخر میں چھ لڑکیاں مالدیپ میں حتمی مقابلے کے لیے پہنچیں۔ اس دوران ایک ہفتہ ان کے رویے، سوال جواب کی صلاحیت اور مجموعی انداز کا جائزہ لیا جاتا ہے۔محنت اور قسمت کے حوالے سے سوال پر روما ریاض نے کہا کہ سبھی امیدوار بہت محنت کرتے ہیں، اور ان کے نصیب میں کامیابی لکھی ہوئی تھی۔تاج جیتنے کے بعد، روما نے 21 نومبر 2025 کو تھائی لینڈ میں منعقدہ مس یونیورس مقابلے میں بھی حصہ لیا۔سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر روما ریاض کا کہنا ہے کہ یہ ان پر اثر نہیں ڈالتی۔ ان کا مقصد مضبوط ارادوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور نوجوان لڑکیوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ سوشل میڈیا کے تبصرے آپ کے اعتماد کو کم نہیں کر سکتے۔اپنی رنگت اور وزن کے حوالے سے اعتراضات پر انہوں نے کہا کہ وہ جیسی ہیں خوش ہیں، ہر لڑکی خوبصورت ہے اور کسی کو اپنی اصل شکل بدلنے کی ضرورت نہیں۔