اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس اکانومی کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔وزیرِ اعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے تنخواہوں، پینشنز اور وینڈرز کو راست (RAAST) کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام پر منتقل کرنے پر معاشی ٹیم اور اسٹیٹ بینک کی پذیرائی کی۔ جولائی 2025 سے جنوری 2026 تک وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے راست کے ذریعے 1.6 ٹریلین روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں، جبکہ وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اب تک 71 فیصد مستحق افراد تک امدادی رقوم پہنچائی گئی ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس مستحقین کو رقوم کی فراہمی رمضان کے 12ویں دن تک 24 فیصد رہی، لیکن رواں برس وزیرِ اعظم کی ہدایات پر بروقت اقدامات سے یہ شرح 71 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ڈیجیٹل بینکنگ سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد 127 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے بلز پر QR کوڈ فراہم کریں۔اجلاس کو وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک، BISP، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں نے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے اقدامات سے آگاہ کیا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ایکوسسٹم کے حوالے سے ڈیش بورڈ پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کے معینہ مدت میں حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہبازشریف کی زیر صدارت جائزہ اجلاس، کیش لیس اکانومی کی رفتار بڑھانے کی ہدایت
1 ماہ قبل