معروف شاعر ابنِ انشا کی 47 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

2 ماہ قبل
معروف شاعر ابنِ انشا کی 47 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

لاہور( شوبز ڈیسک) اپنی لازوال ادبی خدمات کے سبب صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی پانے والے معروف شاعر اور مزاح نگار ابنِ انشا کی آج 47 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ابنِ انشا 15 جون 1927 کو جالندھر کے نواحی گاں میں شیر محمد خان کے نام سے پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1946 میں جامعہ پنجاب سے بی اے اور 1953 میں کراچی یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔اردو ادب کے ہر شعبے میں ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ انہوں نے شاعری، مزاح نگاری، سفرنامے اور ترجمے کے شعبے میں کئی تصانیف تخلیق کیں جن میں چاند نگر، اردو کی آخری کتاب، چلتے ہو تو چین کو چلیے، دنیا گول ہے شامل ہیں۔ابنِ انشا نے اپنے سفرناموں میں گھوم پھر کر مقامات اور لوگوں کا احوال طنزیہ اور فکاہیہ انداز میں بیان کیا، اور ان کے لفظوں میں رومان، نثر میں عصری شعور اور مزاح کا حسین امتزاج نظر آتا تھا۔ادبی دنیا کے اس روشن ستارے نے 11 جنوری 1978 کو آخری سانس لی اور وہ کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں آسودہ خاک ہیں، مگر ان کے افکار اور تخلیقات آج بھی اردو ادب کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔