ترکیہ خبر

امریکا کے دفاعی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ، نئی سرمایہ کاری کی تفصیلات سامنے آ گئیں

امریکا کے دفاعی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ، نئی سرمایہ کاری کی تفصیلات سامنے آ گئیں

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے دفاعی بجٹ میں بایالیس فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ پینٹاگون نے مالی سال دو ہزار ستائیس کے لیے دفاعی بجٹ کی مزید تفصیلات جاری کر دی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ بجٹ ایک اعشاریہ پانچ ٹریلین ڈالر سے زائد ہوگا جو امریکی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق مجموعی بجٹ میں بحری جہازوں، جنگی طیاروں اور جدید میزائل دفاعی نظام کے لیے بڑی رقم مختص کی گئی ہے۔ صرف ان شعبوں کے لیے تقریباً سات سو پچاس ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔دفاعی بجٹ میں ڈرون اور اینٹی ڈرون نظام کے لیے چوہتر ارب ڈالر جبکہ خلائی دفاعی منصوبوں کے لیے پچھتر ارب ڈالر سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔اس کے علاوہ میزائل دفاعی منصوبے کے لیے اٹھارہ ارب ڈالر اور امریکا میکسیکو سرحد کی سکیورٹی کے لیے دو اعشاریہ تین ارب ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس بجٹ کا مقصد جدید ہتھیاروں اور دفاعی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانا اور عالمی سطح پر دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔