راجہ قدیر احمد تاوریدا اقتصادی فورم کے سفیر مقرر
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) روس کے تیسرے بین الاقوامی تاوریدا سرمایہ کاری و اقتصادی فورم 2026 کے سفیر کی حیثیت سے پاکستانی شخصیت راجہ قدیر احمد کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔خیرسون ریجن کے گورنر کے مشیر اور فاؤنڈیشن برائے مستقبل کی ترقی کے ڈائریکٹر آر ایف سیرتلانوف نے تقرری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا، جس کے مطابق یہ اعزازی تقرری 7 اکتوبر 2026 سے مؤثر ہے۔حکم نامے کے تحت راجہ قدیر احمد بین الاقوامی تقریبات اور مذاکرات میں فورم کی نمائندگی کریں گے اور مختلف ممالک کے کاروباری وفود، مقررین اور اہم شخصیات کو فورم میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔تیسرے بین الاقوامی تاوریدا سرمایہ کاری و اقتصادی فورم کا مرکزی موضوع ’’تعلیم اور افرادی قوت: انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری‘‘ ہے۔ فورم میں تعلیم، مصنوعی ذہانت، پیشہ ورانہ تربیت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تجارتی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔فورم کے دوران کاروباری اداروں اور جامعات کے درمیان براہِ راست ملاقاتوں، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔فورم کی دستاویزات کے مطابق شرکا کو 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں کے ساتھ کاروباری اور تعلیمی روابط قائم کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔