غزہ میں بارش اور بمباری نے بے گھر خاندانوں کی زندگی مشکل بنا دی

3 ماہ قبل
غزہ میں بارش اور بمباری نے بے گھر خاندانوں کی زندگی مشکل بنا دی

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ خراب موسم نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ مسلسل بارشوں اور تیز ہواں کے باعث ہزاروں بے گھر افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بنیادی سہولیات کی قلت نے حالات کو اور بھی مشکل بنا دیا ہے۔اتوار کے روز مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں۔ یہ کارروائیاں شہر کے مشرقی حصوں میں کی گئیں جہاں کئی رہائشی علاقے متاثر ہوئے۔انسانی صورتِ حال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث عارضی خیموں میں رہنے والے خاندانوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ پناہ گاہوں کی کمی، صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی قلت نے حالات کو غیر معمولی حد تک خراب کر دیا ہے۔رفح میں سول ڈیفنس کے حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں موجود خاندانوں کی جانب سے امداد کی مسلسل اپیلیں موصول ہو رہی ہیں۔ تیز ہواں اور موسلا دھار بارش کے باعث کئی خیمے نقصان کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ بعض مکمل طور پر اکھڑ گئے، جس سے درجنوں خاندان دوبارہ بے گھر ہو گئے ہیں۔سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہیں تاہم صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ عالمی اداروں اور فلاحی تنظیموں سے فوری مدد کی اپیل کی گئی ہے تاکہ بحران مزید نہ بڑھ سکے۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی خیمے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندر کا پانی بھی خیموں میں داخل ہو چکا ہے، جس نے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔