پنجاب میں خوشحال دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، 1985 دیہات مستفید ہوں گے
لاہور ( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہی علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ’’خوشحال دیہات پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گاؤں کی تعمیر و ترقی سے متعلق فیصلے مقامی آبادی خود کرے گی۔منصوبے کے تحت دیہات میں پختہ گلیاں، نکاسی آب کا نظام، گندے پانی کی نکاسی کے لیے جوہڑ اور شمسی توانائی سے چلنے والی گلیوں کی روشنیاں نصب کی جائیں گی۔ تمام ترقیاتی سرگرمیاں کوآپریٹو سوسائٹی کے نظام کے تحت مکمل کی جائیں گی۔پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے کے دوران مزید 1500 دیہات کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کے آغاز کے لیے 44 روز کی مدت مقرر کی ہے۔ اس سلسلے میں 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔کوآپریٹو سوسائٹیز کے امور کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں قائم 5 رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر سوسائٹی کے انتظامی معاملات چلانے کے لیے الگ 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایک ایگزیکٹو رکن شامل ہوں گے۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر گاؤں کی ترقی کی ذمہ داری وہاں کے رہائشیوں کو سونپی جائے تاکہ وہ کوآپریٹو سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے اپنی ضروریات کے مطابق منصوبوں کا انتخاب اور فیصلے کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار کے ذریعے دیہی ترقی کے عمل کو دیرپا اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔