دہشت گردی سے متاثرہ مستونگ کے بلوچ خاندان نقل مکانی پر مجبور
اسلام آباد (تر کیہ خبر) بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے باعث بے گناہ بلوچ خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور اپنے تباہ شدہ گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔بلوچستان کے عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے فتنہ الہندوستان کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، جبکہ اس کے مذموم عزائم بھی مسلسل سامنے آرہے ہیں۔چند روز قبل مستونگ میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا تھا، جس سے متعدد مقامی مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا۔ اس واقعے میں کئی خاندان نہ صرف اپنی چھتوں اور گھریلو سامان سے محروم ہوگئے بلکہ زندگی بھر کی جمع پونجی بھی کھو بیٹھے، جس کے باعث انہیں علاقے سے نقل مکانی کرنا پڑ رہی ہے۔دھماکے سے متاثرہ ایک شہری نے بتایا کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد ان کے مکانات رہنے کے قابل نہیں رہے، جس کی وجہ سے وہ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے موسم میں انہیں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ خیموں میں رہائش اختیار کرنا پڑ رہی ہے۔متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور مستونگ کے منتخب عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ ان کی مشکلات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے مالی اور رہائشی امداد فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے ساتھ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔