عاصم منیر اور عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

عاصم منیر اور عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

راولپنڈی ( تر کیہ خبر) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں خطے کی سکیورٹی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس دوران علاقائی سلامتی کی صورت حال، مشترکہ مفادات اور سکیورٹی کے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، اعتماد سازی اور باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اسلام آباد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی رابطوں اور تعاون کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.