ہاکان فیدان کا علاقائی روابط مضبوط بنانے میں ترکیہ کی قیادت پر زور
برسلز / انقرہ / استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے یورپ، بحیرہ اسود، قفقاز اور وسطی ایشیا کو ملانے والے اہم مرکز کے طور پر اپنے ملک کی تزویراتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی روابط کو مستحکم بنانے کے لیے انقرہ کو زیادہ ذمہ داری ادا کرنے اور قائدانہ کردار سنبھالنے کی ضرورت ہے۔یورپی یونین کی خارجہ امور کونسل کے اجلاس کے موقع پر برسلز میں منعقدہ بین العلاقائی سلامتی اور روابط سے متعلق دوسرے وزارتی اجلاس کے بعد خبر رساں ادارے انادولو سے گفتگو کرتے ہوئے ہاکان فیدان نے کہا کہ عالمی سطح پر ترکیہ کے مرکزی کردار کو تسلیم کیا جاتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ملک اس حیثیت کے مطابق ذمہ داریاں قبول کرے، مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کرے اور عملی اقدامات میں قیادت کرے۔ترک وزیر خارجہ نے اجلاس کو اس کے ایجنڈے اور نتائج کے اعتبار سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب صرف علاقائی رابطوں کی حکمت عملی تیار کرنے تک محدود رہنے کے بجائے ان پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں یورپی یونین کے رکن ممالک، قفقاز اور وسطی ایشیا کے نمائندوں نے علاقائی اور بین العلاقائی روابط بہتر بنانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران تجارت، توانائی اور معلومات کی ترسیل کو زیادہ مؤثر، مسلسل اور بلاتعطل بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ہاکان فیدان کے مطابق شرکا نے آبنائے ہرمز، آبنائے باب المندب اور بحیرہ اسود میں جنگوں اور بحرانوں کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے حاصل ہونے والے تجربات کا بھی جائزہ لیا اور ایسے اقدامات پر غور کیا جن سے علاقائی رابطوں کو مزید مضبوط اور بحرانوں کے مقابلے میں زیادہ مستحکم بنایا جاسکے۔انہوں نے درمیانی راہداری کے ذریعے یورپ، بحیرہ اسود، قفقاز اور وسطی ایشیا کو ملانے والے مشترکہ تزویراتی مرکز کے طور پر ترکیہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ برسلز میں ہونے والا اجلاس اسی مقصد کے حصول کی ایک عملی کوشش تھا اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے اس کا انعقاد بروقت اور انتہائی موزوں ثابت ہوا۔