ترکیہ کا اسرائیل پر غزہ میں جرائم چھپانے کیلئے گمراہ کن مہم چلانے کا الزام
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ کے ڈائریکٹر مواصلات نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ میں اپنی کارروائیوں اور مظالم کو چھپانے کے لیے جھوٹی خبروں اور منظم گمراہ کن معلومات کا سہارا لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت حقائق کا سامنا کرنے کے بجائے صدر رجب طیب اردوان کو تنقید کا نشانہ بنا کر اپنی کمزوری ظاہر کر رہی ہے۔انقرہ میں صدارتی ادارہ برائے مواصلات کے زیر اہتمام ’’اسرائیل کے دو چہرے: قتل عام اور گمراہ کن معلومات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ مباحثے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برہان الدین دوران نے فلسطینی ریاست کے اعلان کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر ترکیہ کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔برہان الدین دوران نے 1948 سے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اقدامات کو 21ویں صدی میں انسانیت کے لیے ایک بڑا المیہ اور مایوس کن صورتحال قرار دیا۔