فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج، 5 نومبر کو ملک گیر ہڑتال
پیرس( مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس میں مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور سرکاری خدمات کی خراب صورتحال کے خلاف احتجاج کرنے والی تنظیموں اور مزدور یونینوں نے آئندہ ہفتے مزید مظاہروں اور 5 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔مزدور یونینوں کے مطابق تنخواہوں، مہنگائی اور عوامی خدمات سے متعلق بے چینی طلبہ تحریک سے نکل کر معاشرے کے مختلف طبقوں تک پھیل چکی ہے۔حکومت نے بحران پر قابو پانے کے لیے مزدور یونینوں اور طلبہ نمائندوں سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں، تاہم احتجاجی رہنماؤں نے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے۔صدر میکرون کی حکومت کو محدود مالی وسائل اور پارلیمان میں اکثریت نہ ہونے کے باعث مظاہرین کے مطالبات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پولیس یونینوں نے بھی خبردار کیا ہے کہ بڑی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی طویل عرصے تک برقرار رکھنا ممکن نہیں۔فرانس میں جاری احتجاج کے اثرات دوسرے یورپی ممالک تک بھی پہنچ رہے ہیں۔ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ اٹلی کے کئی شہروں میں بھی مسلسل دوسرے ہفتے احتجاج اور تصادم کے واقعات سامنے آئے ہیں۔