اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کمپنی ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں خصوصاً معلوماتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل نظام کو فروغ دے کر شفافیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیلی کام اداروں کو پانچ جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی معلوماتی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے معیشت کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ نوجوانوں کا اس شعبے کی جانب بڑھتا رجحان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بھی کشش کا باعث ہے۔اس موقع پر ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے وزیراعظم سے ملاقات پر شکریہ ادا کیا اور ملک میں بغیر نقد ادائیگی کے نظام اور معیشت کی مکمل ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں اپنی کمپنی کی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر معلوماتی ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، جیز ورلڈ کے سربراہ عامر ابراہیم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ڈیجیٹل معیشت کی جانب پیش رفت، عالمی کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی
5 دن قبل