تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے قریب آتے ہی مختلف شہروں میں حکومت کے حق میں عوامی مظاہروں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر حکومتی پالیسیوں اور ملکی دفاعی اداروں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق خرم آباد کے مغربی علاقے میں ہونے والی بڑی ریلی میں مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کی۔اسی طرح اصفہان میں ہونے والے مظاہرے بھی توجہ کا مرکز بنے، جہاں بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں۔ بعض مناظر میں شرکاء کو اسلحے کے ساتھ دیکھا گیا، جس کے باعث یہ ریلی مزید نمایاں ہو گئی۔یہ عوامی سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر دباؤ اور ممکنہ معاہدے سے متعلق سخت بیانات دیے جا رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مظاہرے داخلی سطح پر حکومت کے لیے حمایت کے اظہار کے ساتھ ساتھ بیرونی دباؤ کے مقابلے میں ایک سیاسی پیغام بھی ہیں کہ ایرانی عوام اپنے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔