اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیر اعظم نے پاکستان آسان خدمت مرکز کے افتتاح پر کہا ہے کہ یہ مرکز شہریوں کو جدید سہولت فراہم کرنے کا ایک شاندار اقدام ہے، جہاں اسٹاف کی خوش اخلاقی، احترام اور خدمت کی اعلی خصوصیات عوام کے لیے مثبت تجربہ ثابت ہوں گی۔وزیر اعظم نے افتتاحی تقریب میں بتایا کہ ایف پی آر اور دیگر متعلقہ ادارے یہاں خدمات فراہم کریں گے، جس سے عوام کے لیے سہولت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اسٹاف کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماسٹرز ٹرینرز کی نگرانی میں ٹیم نے بین الاقوامی معیار کی تربیت حاصل کی ہے، اور ان کی محنت اور مسکراتے چہرے شہریوں کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔وزیر اعظم نے پاکستان آسان خدمت مرکز کے قیام میں شامل محنت کشوں، سٹڈی گروپس اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مظفرآباد اور گلگت بلتستان میں بھی اسی طرح کے سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کی خدمت مزید بہتر ہو سکے۔انہوں نے زور دیا کہ اسٹاف کی بہترین کارکردگی اور خوش اخلاقی سے صارفین متاثر ہوں، تاکہ یہ ادارہ اپنے مقصد کے مطابق عوام تک سہولت فراہم کرے اور اس کی توسیع جلد مکمل ہو۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس مرکز کو کامیاب کرے اور خدمات کا سلسلہ جاری رکھے۔