بصارت سے محروم افراد میری خصوصی تو جہ کے مستحق ہیں:صدر مملکت ، وزیراعظم

بصارت سے محروم افراد میری خصوصی تو جہ کے مستحق ہیں:صدر مملکت ، وزیراعظم

 اسلام آباد( تر کیہ خبر)وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، عزت و وقار، تحفظ اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خصوصی افراد کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور عوامی مقامات تک ان کی رسائی آسان بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے 15 اکتوبر 2026 کو اپنے پیغام میں بصارت سے محروم افراد کے عزم، حوصلے، محنت اور زندگی سے بھرپور لگاؤ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں بااختیار بنانے اور معاشرے کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے اہلخانہ، معاونین اور متعلقہ اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، آزادانہ نقل و حرکت، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔ سفید چھڑی ایک بنیادی معاون ذریعہ ہے، جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ سرگرمیوں میں خوداعتمادی کے ساتھ حصہ لینے اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے باصلاحیت شہریوں کی کامیابیوں پر فخر ہے، جن میں پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم کی خدمات بھی نمایاں ہیں، جو اقوام متحدہ کے اعلیٰ سفارتی فورم پر ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔شہباز شریف نے زور دیا کہ خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے جسمانی، معاشرتی اور ادارہ جاتی رکاوٹیں ختم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سمیت خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے لیے سرگرم تنظیموں کی کوششوں کو بھی سراہا۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کے لیے عوامی مقامات اور مختلف خدمات تک رسائی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بصارت سے محروم افراد کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کی آزادانہ نقل و حرکت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کی مدد سے تعلیم، روزگار اور زندگی کے دیگر شعبوں تک ان کی رسائی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.