وزارت خارجہ کا دستاویزات کی تصدیق کے لیے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف

وزارت خارجہ کا دستاویزات کی تصدیق کے لیے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے اور تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر انہیں برقی تصدیقی سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔نئے نظام کے تحت شہریوں کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال اور تصدیق کی جائے گی، جس کے بعد درخواست گزار کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔وزارت خارجہ نے تصدیق کے عمل کے بعد فیس آن لائن جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ فیس کی ادائیگی مکمل ہونے پر درخواست گزار کو تصدیقی سرٹیفکیٹ ای میل کے ذریعے بھیج دیا جائے گا۔اس اقدام سے شہریوں کے وقت اور محنت کی بچت ہوگی، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کا عمل بھی تیز اور سہل بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت سے بھی چھٹکارا ملنے کی توقع ہے۔وزارت خارجہ کا یہ اقدام سرکاری خدمات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، شفافیت میں اضافے اور شہریوں کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.