پرتگال( مانیٹرنگ ڈیسک)پرتگال شدید طوفان کرسٹن کی لپیٹ میں آ گیا، جس کی تیز ہواؤں اور بارش نے ملک بھر میں تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق طوفان کے باعث کم از کم پانچ افراد ہلاک اور ہزاروں ہنگامی واقعات رپورٹ ہوئے۔ضلع لیریا کے میئر گونکالو لوپس نے بتایا کہ صرف ان کے ضلع میں چار افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک شخص عمارت کے ڈھانچے کے گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ ویلا فرانکا ڈی زیرا میں ایک اور شخص اس وقت ہلاک ہوا جب تیز ہوا کے باعث درخت ایک چلتی گاڑی پر گر گیا۔پرتگال کی نیشنل اتھارٹی برائے ایمرجنسی اینڈ سول پروٹیکشن کے مطابق دوپہر تک 3,300 سے زائد حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں زیادہ تر درختوں کے گرنے، سڑکوں پر ملبہ اور اہم شاہراہوں کی بندش شامل ہیں۔ کئی مرکزی راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے۔طوفان نے بجلی کے نظام کو بھی شدید متاثر کیا۔ پاور گرڈ آپریٹر کے مطابق دوپہر تک تقریباً 5 لاکھ 70 ہزار افراد بجلی سے محروم تھے، جبکہ رات کے وقت یہ تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔ وسطی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔