یومِ شہدائے پولیس، وزیراعظم کا شہدا کو خراجِ عقیدت، اہلخانہ کی معاونت کا عزم
اسلام آباد (تر کیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے وطن کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کیں۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ صفِ اول کا کردار ادا کیا اور غیر معمولی عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کی قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ پوری قوم اپنے غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے شہدا کے اہلخانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں، حکومت ان کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور دیگر ضروری تعاون فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس کو جدید وسائل، تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ اہلکار اپنی قومی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔