اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے عالمی ترقی کرس ایلیاس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان میں انسدادِ پولیو کی کوششوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مکمل سدباب تک بل گیٹس فاؤنڈیشن جیسے قابلِ اعتماد شراکت داروں کے تعاون سے اقدامات جاری رہیں گے اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے بل گیٹس کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مسلم برادر ممالک، خصوصاً سعودی عرب کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت جامع حکمت عملی اور مؤثر ٹیم کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ خاطر خواہ کامیابیوں کے باوجود اس بیماری کے خلاف جنگ میں ہنگامی بنیادوں پر مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پولیو ٹیموں کی ملک بھر میں رسائی یقینی بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور انسدادِ پولیو سے متعلق منصوبے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جاری رکھے جائیں گے۔وزیراعظم نے وفاقی وزارتِ صحت کو ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو، عوامی آگاہی اور ویکسین کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سفارشات مرتب کی جائیں۔