پشاور ( ترکیہ خبر)پشاور میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا گیا ہے۔ شہری کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدس مہینے میں مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔درخواست میں نیشنل فوڈ سکیورٹی، سیکرٹری وزارتِ خوراک، چیف سیکرٹری اور کمشنر پشاور کو فریق بنایا گیا ہے۔ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹا، پھل، سبزیاں اور دیگر بنیادی اشیاء عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی منافع خوری آئین کے آرٹیکل 3 کی روح کے منافی ہے اور انتظامی غفلت کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔مزید استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے جس میں بتایا جائے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں، اور آئندہ کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔