پشاور اسکول حادثہ، 31 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ مالکان و ٹھیکیدار کے خلاف درج

پشاور اسکول حادثہ، 31 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ مالکان و ٹھیکیدار کے خلاف درج

پشاور ( تر کیہ خبر)دیر کالونی میں اسکول کی چھتیں گرنے کے المناک واقعے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔مقدمے کے متن میں اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کرنے اور عمارت کے بوسیدہ و غیر محفوظ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق اسکول کی دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی کے حوالے سے پہلے بھی شکایات سامنے آئی تھیں، تاہم بچوں کی جانب سے شکایات کیے جانے کے باوجود اسکول انتظامیہ اور مالکان نے مبینہ طور پر ان پر توجہ نہیں دی۔مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کی دوسری منزل پر واقع نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں منہدم ہوئیں، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ایف آئی آر کے مطابق اسکول کی زمین 16 مرلے پر مشتمل ہے، جو وحید اور جاوید کی ملکیت ہے۔ یہ اراضی 2024 میں لیز پر حاصل کرنے کے بعد اس پر اسکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، مالکان اور دیگر شراکت داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل بالسبب اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.