لاہور( ترکیہ خبر) آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے وفد کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات جاری ہے، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیش رفت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کے دوران چیئرمین پی سی بی بھارت سے میچ کھیلنے کے لیے سخت شرائط رکھیں گے، جبکہ بنگلادیش کو مالی معاونت اور آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی پر بات بھی ہوگی۔ پی سی بی میچ کی آمدنی میں شیئر بڑھانے، دوطرفہ سیریز کی بحالی اور دیگر معاملات پر بھی زور دے گا۔آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ ملاقات میں موجود ہیں اور پاک بھارت میچ سے متعلق امور دیکھ رہے ہیں۔ بنگلادیش کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور شام کو ڈھاکا واپس روانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث بنگلا دیش نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست دی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر کے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے خارج کر دیا۔