اسرائیلی چیک پوسٹ پر زیرحراست فلسطینی شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چیک پوسٹ پر ایک فلسطینی شہری دوران حراست طبیعت بگڑنے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔فلسطینی ہلال احمر کے مطابق 45 سالہ رأفت خیری ابو خلیل کو طولکرم کے مشرق میں قائم عناب چیک پوسٹ پر روکا گیا تھا۔ اسی دوران ان کی حالت اچانک خراب ہوئی اور بعدازاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ ان کی میت طولکرم کے سرکاری اسپتال منتقل کردی گئی۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ابو خلیل اریحا میں فلسطینی فوجی تربیتی ادارے میں کپتان کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ان کی ہلاکت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی نقل و حرکت محدود کیے جانے پر تشویش بڑھ رہی ہے۔اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیزے کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹوں، دروازوں اور سڑکوں پر رکاوٹوں کا پھیلتا ہوا نظام فلسطینیوں کے روزگار، طبی سہولیات، تعلیم اور اپنے خاندانوں سے رابطے تک رسائی کو متاثر کر رہا ہے۔