دبئی میں بزرگ شہریوں کیلئے ہیریٹیج ولیج منصوبہ شروع
دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) بزرگ شہریوں کی بہتر زندگی اور فلاح کے لیے دبئی میں نئے ہیریٹیج ولیج منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں صحت، تفریح، ثقافت اور سماجی سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا۔یہ منصوبہ دبئی اوقاف نے رأس الخیمہ کی امارات ایسوسی ایشن برائے نگہداشت و فلاحِ والدین کے اشتراک سے شروع کیا ہے۔ منصوبے کے اخراجات السیاح وقف فنڈ سے پورے کیے جا رہے ہیں اور اس سے 150 سے زائد بزرگ شہری مستفید ہوں گے۔ہیریٹیج ولیج میں اماراتی روایات اور ثقافت سے ہم آہنگ ماحول ترتیب دیا جائے گا، جس کا مقصد بزرگ افراد کے معیارِ زندگی میں بہتری، سماجی سرگرمیوں میں ان کی شرکت اور قومی شناخت و ثقافتی ورثے سے وابستگی برقرار رکھنا ہے۔منصوبے کے تحت 14 روایتی دکانیں قائم کی جائیں گی جہاں مقامی دستکاری، ثقافت اور اماراتی روایات کو نمایاں کیا جائے گا۔ ثقافتی، سماجی اور تفریحی پروگراموں کے لیے الگ مقامات کے علاوہ صحت، کھیل اور باہمی میل جول کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔دبئی اوقاف کے سیکریٹری جنرل علی محمد المطوع نے کہا کہ یہ منصوبہ وقف کی آمدنی کو دیرپا معاشرتی فلاحی پروگراموں میں استعمال کرنے کی مؤثر مثال ہے۔ان کے مطابق ہیریٹیج ولیج بزرگ شہریوں کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے، انہیں سرگرمیوں میں مسلسل شریک رکھنے اور نئی نسل کو قومی ثقافت و روایات سے جوڑنے میں مدد دے گا۔منصوبے کو دبئی کے سماجی بہبود کے اقدامات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بزرگ شہریوں کو محض سہولتیں ہی نہیں بلکہ عزت، سرگرمی اور معاشرے سے مضبوط وابستگی کا احساس بھی فراہم کیا جائے گا۔