آذربائیجان میں ادویات سازی کا نئےکارخا نے کا صدر الہام علی یوف نے افتتاح کردیا
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے پیرا اللہی صنعتی پارک میں ’’جن فارما کاکیشس مینوفیکچرنگ آپریشنز‘‘ کی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری کا افتتاح کیا۔آذرتاج کے مطابق افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اقتصادیات میکائل جباروف نے صدر کو ملک کے صنعتی علاقوں اور پیرا اللہی صنعتی پارک کی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔پیرا اللہی صنعتی پارک صدر الہام علی یوف کے 2016 میں جاری کردہ فرمان کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد ادویات سازی کے شعبے کو فروغ دینا، درآمدی انحصار کم کرنا، مقامی سطح پر دواؤں کی تیاری بڑھانا، عوام کی ضروریات پوری کرنا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ پارک میں 6 صنعتی ادارے بطور رہائشی رجسٹرڈ ہیں۔اس وقت آذربائیجان میں 8 صنعتی پارک فعال ہیں، جن میں سومقائیت، منگہ چویر، قرہ داغ، پیرا اللہی، آغدام، حاجی قابول، اراز وادی اقتصادی زون اور بالاخانی صنعتی پارک شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نخجوان صنعتی پارک کی بنیاد رواں سال رکھ دی گئی ہے اور وہاں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جاری ہے۔ اس کے علاوہ گنجہ شہر اور شمکیر ضلع کے علاقوں پر مشتمل مغربی صنعتی پارک کے لیے بھی ضروری بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔