سری لنکا سیریز کے لیے پاکستان کا نیا ٹی ٹوئنٹی سکواڈ سامنے آ گیا

3 ماہ قبل
سری لنکا سیریز کے لیے پاکستان کا نیا ٹی ٹوئنٹی سکواڈ سامنے آ گیا

لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سلمان علی آغا کو سری لنکا میں کھیلی جانے والی سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔اس سکواڈ میں وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع کو پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ شاداب خان نے کندھے کی سرجری کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کی ہے۔منتخب کیے گئے کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ محمد نافع، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں۔قومی ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو مرحلہ وار سری لنکا روانہ ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، جو 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں شیڈول ہیں۔ یہ سیریز آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی۔ادھر پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ سیریز کے دوران ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ مائیک ہیسن کو وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایشلے نوفکی بالنگ کوچ اور محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ فیلڈنگ کوچ کے طور پر شین مکڈرموٹ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔دیگر معاون اسٹاف میں کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہ اعجاز ٹیم اینالسٹ اور سید نعیم احمد میڈیا منیجر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کرنل عثمان انوری کو سکیورٹی منیجر، ڈاکٹر واجد علی رفائی کو ٹیم ڈاکٹر اور محمد احسان کو مسیور مقرر کیا گیا ہے۔