پاکستانی سپنرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں گیم چینج کر دیا، محمد نواز

3 ماہ قبل
پاکستانی سپنرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں گیم چینج کر دیا، محمد نواز

ڈھاکہ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رانڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کے رجحان میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے اور اب سپنرز نہ صرف بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں بلکہ میچوں کے نتائج پر بھی فیصلہ کن اثر ڈال رہے ہیں۔بنگلادیشی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد نواز نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں زیادہ تر ٹیسٹ میچز فلیٹ پچز کے باعث ڈرا ہو جاتے تھے، تاہم حالیہ برسوں میں سپنرز نے اپنی صلاحیتوں سے یہ تاثر تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستانی فاسٹ بالرز شروع سے ہی ورلڈ کلاس رہے ہیں اور ٹیم آج بھی ان پر انحصار کرتی ہے، مگر یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ سپنرز سیریز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔محمد نواز کے مطابق نعمان علی، ساجد خان اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑیوں کی کامیاب پرفارمنس نوجوان سپنرز کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ وہ ٹیسٹ فارمیٹ کو سنجیدگی سے لیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔بی پی ایل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی پی ایل اب ایک عالمی سطح کا برانڈ بن چکا ہے جہاں دنیا بھر کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں، تاہم اس کے باوجود کچھ منفی خبریں سامنے آنا بدقسمتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پانچ سے چھ سیزنز سے بی پی ایل کھیل رہے ہیں اور یہاں کھیل کر انہیں ہمیشہ اچھا محسوس ہوتا ہے۔