پاکستانی طبی ماہرین کیلئے امریکا میں پیشہ ورانہ مواقع کی راہ ہموار
اسلام آباد( تر کیہ خبر)پاکستان میں طبی تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی کے ساتھ امریکا میں تربیت یافتہ نرسوں اور دیگر طبی ماہرین کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر آج نیویارک میں دستخط کیے جائیں گے۔ امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر اعجاز احمد اور پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ ہاجرہ سہیل مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے۔دستاویز کے مطابق مفاہمت کی یادداشت دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے لیے جامع لائحہ عمل فراہم کرے گی، جس کے تحت تعلیم، پیشہ ورانہ تیاری، تربیت، اسناد اور اہلیت کے تقاضے پورے کرنے سمیت پاکستانی طبی ماہرین کے لیے امریکا میں پیشہ ورانہ مواقع تک رسائی کے راستے وضع کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ امریکا کے صحت اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور شراکت داری کو بھی فروغ دیا جائے گا۔امریکن پاکستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن امریکا میں قائم غیر منافع بخش ادارہ ہے، جو امریکا اور پاکستان میں تعلیم، طبی شعبے کی افرادی قوت کی ترقی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور مختلف سماجی و کمیونٹی منصوبوں پر کام کرتا ہے۔