پاکستان کی ریاض میں حوثی حملے کی شدید مذمت، فوری روکنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع کے ٹاور کو حوثی ملیشیا کی جانب سے نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق ریاض میں کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع کو نشانہ بنانا سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شہری تنصیبات اور اقتصادی مراکز پر حملے بے گناہ افراد کی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس نوعیت کے قابل مذمت حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان حوثی ملیشیا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایسے حملے فوری طور پر بند کرے۔دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تائید کرتا ہے۔ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور ملک بھر میں شہریوں سمیت مقیم افراد کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل اور قانونی حق حاصل ہے۔سعودی حکومت نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت سعودی سرزمین یا قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔سعودی عرب نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور مملکت کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس دہشت گرد گروہ سے علاقائی اور عالمی سلامتی کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔