ترکیہ کا روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم
لندن (ترکیہ خبر) ترکیہ نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے میانمار کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میانمار عدالتی احکامات پر مکمل اور بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنائے۔ترک وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا یہ فیصلہ گیمبیا کی جانب سے میانمار کے خلاف 1948 کے نسل کشی کی روک تھام اور سزا سے متعلق بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے مقدمے میں سامنے آیا ہے۔ ترکیہ نے مقدمے کے آغاز ہی سے اس کی حمایت کی ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق یہ تاریخی فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کو منظم ظلم و ستم کا نشانہ بنانے کے واقعات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے، متاثرین کو انصاف فراہم کرنے اور ذمہ دار عناصر کا احتساب یقینی بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ترکیہ نے میانمار حکومت پر زور دیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ترکیہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی جاری رکھے گا اور ان کی اپنے وطن محفوظ، رضاکارانہ، باعزت اور پائیدار واپسی یقینی بنانے کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعرات کو قرار دیا کہ میانمار نے 2017 میں ریاست رخائن کے شمالی علاقوں میں فوجی کارروائیوں کے دوران روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی تھی۔ عدالت نے میانمار کو متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنے اور مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔