ترکیہ بغیر پائلٹ جنگی طیارے فوج میں شامل کرنے والا پہلا ملک بن گیا

ترکیہ بغیر پائلٹ جنگی طیارے فوج میں شامل کرنے والا پہلا ملک بن گیا

انقرہ ( تر کیہ خبر) ترکیہ نے اپنا پہلا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ قزل ایلما مسلح افواج کے حوالے کردیا ہے، ابتدائی مرحلے میں 3 جدید طیارے ترک سکیورٹی فورسز کے سپرد کیے گئے ہیں۔ اس پیشرفت کے بعد ترکیہ بغیر پائلٹ جنگی طیاروں کو باقاعدہ فوجی خدمات میں شامل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج برسوں کے خواب کی تعبیر کا دن ہے۔ طویل محنت اور مسلسل کوششوں کے بعد قزل ایلما جنگی طیارہ ترک مسلح افواج کے دفاعی نظام کا حصہ بن گیا ہے۔صدر اردوان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ جدید طیارہ ترک فوج کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اسے ترکیہ کی دفاعی صنعت اور مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ترک دفاعی کمپنی بائیکار کے مطابق قزل ایلما نے حوالگی سے قبل تمام لازمی جانچ کے مراحل کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں۔ منصوبے کے تحت اب تک آزمائشی اور تربیتی سرگرمیوں کے دوران 600 پروازیں کی جاچکی ہیں۔ابتدائی مرحلے میں 3 طیاروں کی حوالگی کے ساتھ ہی قزل ایلما منصوبہ عملی فوجی استعمال کے ایک نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.