15 ممالک کا مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی آبادکاری کے خلاف پابندیوں کا خیرمقدم
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ اور 14 دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی تعمیر میں ملوث کمپنیوں اور سرگرمیوں کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے عائد پابندیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ترکیہ، متحدہ عرب امارات، الجزائر، انڈونیشیا، فلسطین، قطر، کویت، لیبیا، مالدیپ، مصر، نائجر، پاکستان، صومالیہ، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے ان اقدامات کو سراہا۔وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کے الزام میں ایک تنظیم کے خلاف برطانیہ کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا۔مشترکہ بیان میں عالمی سطح پر اقدامات اور پابندیوں کے ذریعے غیر قانونی آبادکاری میں ملوث افراد اور اداروں کو جوابدہ بنانے کی کوششوں کی حمایت کی گئی۔ وزرائے خارجہ نے بالخصوص ای ون آبادکاری منصوبے سمیت ان تمام افراد اور اداروں کے خلاف کارروائیوں پر زور دیا جو غیر قانونی بستیوں کے پھیلاؤ اور فلسطینی علاقوں کے الحاق کی پالیسیوں کی حمایت، معاونت یا ان پر عمل درآمد میں ملوث ہیں۔بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی مسلسل غیر قانونی آبادکاری کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی گئی، بالخصوص مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے مشرق میں ای ون منصوبے اور اس سے منسلک سرگرمیوں کو قابل مذمت قرار دیا گیا۔