مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی فورم میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گئے
اسلام آباد (تر کیہ خبر) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے، جہاں پاکستان کے ناظم الامور سعد وڑائچ نے ان کا استقبال کیا۔ڈاکٹر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر فورم میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کے کردار سے متعلق ملک کا مؤقف پیش کریں گے۔فورم میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت پاکستان کے تعمیری کردار کے علاوہ ملک کے متنوع تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ فورم میں پاکستان کی شرکت شنگھائی روح کے اصولوں سے وابستگی اور ان کے فروغ کے لیے ملک کی کوششوں کی عکاس ہے۔ پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں حصہ لے گا، جبکہ اس موقع پر تنظیم کے رکن ممالک کے وفود سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 2026-27 کی مدت کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کا موجودہ چیئرمین ہے۔ پاکستان آئندہ سال منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل تنظیم کی متعدد سرگرمیوں کی میزبانی بھی کرے گا۔