پاکستان سمیت 15 ممالک کا اسرائیلی قبضے اور غزہ حملوں کے خلاف سخت مؤقف

پاکستان سمیت 15 ممالک کا اسرائیلی قبضے اور غزہ حملوں کے خلاف سخت مؤقف

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) پاکستان سمیت 15 ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور غزہ میں فوجی کارروائیوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کو کسی صورت قانونی تسلیم نہ کیا جائے۔مشترکہ اعلامیے میں برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے اسرائیل کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے فیصلوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے والی تنظیم کے خلاف برطانیہ کی پابندیوں کو بھی سراہا۔مشترکہ بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے ان اقدامات سے دیگر ممالک بھی اسرائیل کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف عملی اقدامات کرنے کی ترغیب حاصل کریں گے۔15 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تنازع کے خاتمے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سنگین انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ناگزیر ہے۔وزرائے خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار اور منصفانہ امن کے قیام کے لیے دو ریاستی حل کو واحد قابل عمل راستہ قرار دیتے ہوئے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔بیان جاری کرنے والے 15 ممالک میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور اردن سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.