اسلام آباد ( ترکیہ خبر) پاکستان نے لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع تباہی پر گہری تشویش ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر کردار ادا کرے۔پاکستان نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔