پاکستان سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس عبور

3 ماہ قبل
پاکستان سٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس عبور

کراچی(کامرس ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ نے پہلی بار ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح عبور کر کے سرمایہ کاری کے لیے مضبوط اعتماد ظاہر کیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1900 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔مارکیٹ میں اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز شامل ہیں۔ اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، ایچ بی ایل، میزان بینک اور ایم سی بی بھی مثبت زون میں تجارت کرتے ہوئے نظر آئے۔گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخر میں ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 72 ہزار 400 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد موجودہ اضافہ مارکیٹ کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق جنوری 2025 سے اب تک پاکستان سٹاک ایکسچینج نے امریکی ڈالر میں 50 فیصد سے زائد منافع دیا ہے، جس سے مارکیٹ ایشیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات اور استحکام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مستقبل میں معاشی نمو کے روشن امکانات موجود ہیں۔