پاکستان نے یو اے ای سے 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی درخواست دے دی

3 ماہ قبل
پاکستان نے یو اے ای سے 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی درخواست دے دی

کراچی ( کامرس ڈیسک)حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی میچورٹی سے قبل رول اوور کرنے کے لیے باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خط کے ذریعے یو اے ای قیادت سے درخواست کی ہے کہ 3 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کیا جائے۔ اس قرض میں سے 2 ارب ڈالر کی میچورٹی اس ماہ جبکہ 1 ارب ڈالر کی میچورٹی جولائی میں ہے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای سے حاصل کردہ یہ قرض 2021 میں سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرایا گیا تھا۔ 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جنوری کے دوسرے ہفتے جبکہ دوسری قسط جنوری کے تیسرے ہفتے میں میچور ہو جائے گی۔حکومت کی جانب سے تمام تینوں اقساط کو میچورٹی سے قبل رول اوور کرنے کی درخواست دی گئی ہے اور توقع ہے کہ یہ کارروائی بروقت مکمل ہو جائے گی۔ آئی ایم ایف کو بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ یو اے ای سے قرض رول اوور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال یو اے ای، سعودی عرب اور چین سے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کیے جائیں گے۔