راولپنڈی( ترکیہ خبر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شاہین محمدوف نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بحری تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں علاقائی بحری سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ آذربائیجان نیوی کے کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ملاقات میں دونوں ممالک نے تربیت اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے امیر البحر کے اس دورے سے پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور یہ دورہ دوطرفہ بحری تعاون کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔