جدہ( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل نے صومالی لینڈ کو تسلیم کر کے اور اپنے وزیر خارجہ کو وہاں بھیج کر صومالیہ کی بین الاقوامی تسلیم شدہ سرحدوں پر براہِ راست حملہ کیا ہے۔ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام غیرقانونی اور غیرحقیقی ہے اور اسے شدید مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت کسی بھی ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت لازمی ہیں اور کوئی بیرونی ملک یا ادارہ اس میں مداخلت کرنے کا حق نہیں رکھتا۔نائب وزیراعظم نے بتایا کہ اسرائیل کے وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور ہارن آف افریقا اور بحیرہ احمر میں صورتحال کو مزید پیچیدہ کر سکتا ہے۔ پاکستان نے او آئی سی ممالک کے ساتھ مل کر اس اقدام کو مسترد کیا اور اقوام متحدہ میں بھی اسرائیل کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام صومالیہ کی ترقی، قومی مفاہمت، آئینی اصلاحات اور اقتصادی شفافیت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، اور پاکستان صومالی عوام اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے: اسحاق ڈار
2 ماہ قبل