نیویارک( ترکیہ خبر) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمدنے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے افغان سرزمین پر سرگرم دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں 80 سے زائد بے گناہ پاکستانی جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ان حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان کی عبوری حکومت یہ یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہو۔عاصم افتخار احمد نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور دہشتگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے افغانستان میں جاری انسانی بحران، معاشی بدحالی اور خواتین کے حقوق پر پابندیوں پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ افغان عوام کو بنیادی حقوق اور سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔