پاکستان اور یورپی ممالک کا غیر قانونی امیگریشن روکنے پر متفق

1 ماہ قبل
پاکستان اور یورپی ممالک کا غیر قانونی امیگریشن روکنے پر متفق

اسلام آباد( ترکیہ خبر)روم میں پاکستان، اٹلی، سپین اور یونان کے وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے مشترکہ پالیسی فریم ورک پر اتفاق کر لیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد شریک ہوا، جبکہ اطالوی، ہسپانوی اور یونانی ہم منصب بھی موجود تھے۔میٹیو پینٹے ڈوسی، فرنینڈو گرینڈے مارلاسکا اور اتھاناسیس پلیورس نے پاکستان کی غیر قانونی امیگریشن روکنے کی کوششوں کو سراہا۔ چاروں ممالک نے لیگل پاتھ کے ذریعے غیر قانونی نقل مکانی کو کنٹرول کرنے اور یورپی یونین کے تعاون سے اس مقصد کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اور سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو یورپ سے پاکستان واپس لایا جائے گا۔ چار ملکی اجلاس کا آئندہ دور پاکستان میں منعقد ہوگا۔پاکستانی وزیر داخلہ نے اٹلی کی جانب سے 10 ہزار 500 ملازمتیں فراہم کرنے پر تشکر کا اظہار کیا اور زور دیا کہ یورپی ممالک نقل مکانی کے خواہش مند افراد کے لیے باقاعدہ اور قانونی راستوں کو فروغ دیں تاکہ غیر قانونی آمد و رفت کی حوصلہ شکنی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونان اور سپین پاکستانی شہریوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔